ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسان تحریک کو مزید وسعت دینے کی کوشش، ’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ کا 5 جون سے آغاز

کسان تحریک کو مزید وسعت دینے کی کوشش، ’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ کا 5 جون سے آغاز

Sat, 05 Jun 2021 12:30:12    S.O. News Service

نئی دہلی، 5؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کے مختلف بارڈرس کے ساتھ ساتھ ملک کی کچھ اہم ریاستوں میں کسانوں نے اپنی تحریک جاری رکھی ہوئی ہے۔ کہیں بارڈر پر کسانوں کا گروپ مہینوں سے بیٹھا ہوا ہے، تو کہیں سڑک پر پنڈال اور جھونپڑی نما آشیانہ بنا کر مظاہرین حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ کسانوں نے اب اس تحریک کو مزید وسعت دینے کا ارادہ کر لیا ہے اور اس کے پیش نظر 5 جون یعنی ہفتہ کے روز سے ’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق اپنے مطالبات کو لے کر کسانوں نے جو 26 نکاتی قرار داد تیار کیا ہے، اسے ملک بھرمیں نافذ کرنے کے مقصد سے’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ راشٹریہ کسان سمنویہ سمیتی کے قومی کنوینر دشرت کمار شرما نے خبر رساں ادارہ ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ تقریباً چار سال قبل راجستھان کے کوٹہ میں ’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ کا بگل بجایا گیا تھا، جسے اب ملک بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

دشرت کمار شرما نے بتایا کہ کمیٹی کے بینر تلے جولائی 2017 میں کسانوں کی مشکلات اور مطالبات پر ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا اور ’سمپورن کسان کرانتی مہم‘ شروع کرنے کے لئے ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں ملک بھر سے لگ بھگ 170 کسان تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ میٹنگ میں کسانوں کے نمائندوں نے تفصیلی غور و خوض کے بعد کسانوں کے جائز مطالبات کی 26 نکاتی تجویز کو منظوری دی تھی، جس کی وجہ سے کسان تنظیمیں اس وقت سے پورے ملک میں احتجاج کررہی ہیں اور یہ پختہ عزم کئے ہوئے ہیں کہ جب تک 26نکاتی قرارداد مرکزی حکومت نافذ نہیں کردیتی اورکسانوں کی مشکلات کا مستقل حل تلاش نہیں کرلیا جاتا، تب تک یہ مہم جاری رہے گی۔


Share: